حکومت شام اور سعودی عرب فوج بھیجنے سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے، صاحبزادہ زبیر
شیعہ نیوز (کراچی) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی گروپ) کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک دہشت گردی اور مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، دہشت گردوں نے مقدس مقامات اور مزارات کو بھی نہیں بخشا، ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کو منافقانہ طرز عمل چھوڑنا پڑے گا، 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک کراچی میں جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ کے زیر اہتمام اتحاد اہل سنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ ابوالخیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی ہر طرح کے خطرات لاحق ہیں، شام کے اندر فرقہ واریت بھڑک رہی ہے، فرقہ واریت کی اس آگ کو پاکستان میں آنے نہیں دینا چاہیے، لہٰذا وفاقی حکومت شام اور سعودی عرب فوج بھیجنے سے متعلق افواہوں کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔