Uncategorized

جماعت اسلامی کے نئے امیر سراج الحق، منور حسن کی غلطیوں کا کفارہ ادا کریں، صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ نہیں اللہ سے ڈرنے کی ضرورت ہے، سپر پاور امریکہ نہیں اللہ ہے، حکمران ایمان کی کمزوری کی وجہ سے امریکہ سے مرعوب اور خوفزدہ ہیں۔ پاکستان کو ایمانی طاقت والے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے نئے امیر سراج الحق، سابقہ امیر منور حسن کی غلطیوں کا کفارہ ادا کریں اور اعلان کریں کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے فوجی شہید ہیں اور پاک فوج سے لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے شہید نہیں، پاکستان، ایران اور افغانستان کو علاقائی بلاک تشکیل دینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل صوبہ پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 18 کروڑ پاکستانی حکمرانوں سے امن اور سلامتی مانگ رہے ہیں، پچاس ہزار سے زائد شہداء کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے آنسو حکمرانوں کو کیوں دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے، شہداء کے لواحقین کا غم و غصہ طوفان بننے سے پہلے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مسلح جتھوں کو غیر مسلح نہ کیا گیا تو ہر طبقہ مسلح ہونے پر مجبور ہو جائے گا، ملک کے محافظوں کی لاشوں پر سودے بازی کی گئی تو حکمران میر جعفر اور میر صادق کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آدھے مسائل کا سبب ناقص خارجہ پالیسی ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان، ایران اور ہندوستان سے پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پرائی جنگ کا ایندھن بنانے کی غلطی نہ دہرائی جائے، اگر ہم نے پرائی آگ میں کودنے کا فیصلہ کر لیا تو آنے والی نسلیں اس فیصلے کا خراج اپنے خون سے ادا کریں گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بے گناہ انسانوں کے چیتھڑے اڑانے والے مجاہد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اختلاف رائے کو بنیاد بنا کر لوگوں کو قتل کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان قبرستان بن جائے گا، کوئی شخص صرف اس وجہ سے واجب القتل قرار نہیں دیا جا سکتا کہ اس کا زاویہ نگاہ کسی دوسرے کے مخالف یا متضاد ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ سمیع الحق اور منور حسن قوم کو بتائیں کہ فوجیوں کے گلے کاٹنے والے اور سکیورٹی اہلکاروں کے سروں کی کھوپڑیوں کو فٹبال بنانے والے پاکستان کے دوست ہیں یا دشمن۔ صاحبزادہ حمد رضا نے کہا کہ عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس ہیں، اب عوام نعروں سے نہیں کارکردگی سے مطمئن ہو گی۔ پسنی ریڈار پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری بدامنی کا مسئلہ حکومتی پارٹیوں کا پیدا کردہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم کرنے کا مطالبہ قابل مذمت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ 20 اپریل کو فیصل آباد میں عاشقانِ رسول کا میلہ لگے گا اور 20 اپریل کے جلسہ سے نظامِ مصطفیٰ (ص) کی منزل قریب آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل  20 اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ہونے والے استحکام پاکستان جلسہ میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے لائحہ عمل پیش کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button