سنی شیعہ آپس میں اس طرح متحد ہوجائیں کہ کبھی جدائی کا تصور بھی نہ کریں، سید محمد رضا
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور رُکن صوبائی اسمبلی بلوچستان آغا سید محمد رضا رضوی نے تقریب بین المسالک کے لئے وجود میں آنے والے مسلم یونائیٹڈ کونسل پاکستان کے شرکاء سے خطاب میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی پیروی اسی میں ہے کہ ہم سب آپس میں متحد ہوجائیں۔ سنی شیعہ مسلمانوں کو آپس میں اس طرح متحد ہونا چاہیئے کہ پھر کبھی جدائی کا تصور بھی نہ کرسکیں۔ یہ اسلام کا حکم ہے کہ مسلمان ایک دوسرے کے بھائی بنیں۔ اس بھائی چارے اور وحدت کا نتیجہ یہ ہوگا کہ کوئی طاقت آپ پر مسلط نہ ہوسکے گی اورجب تک آپ کی توجہ اور توکل کا مرکز اللہ کی ذات ہوگی آپ کے مقابلے میں آنے والی ہر قوت و طاقت نیست و نابود ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دورحاضرمیں جہاں بعض اسلامی ممالک اپنی بادشاہت کودوام دینے کی غرض سے اسلام اورجہادکے نام پرشام اورپاکستان میں میں بے گناہ مسلمانوں کاخون بہارہے ہیں ایسے حالات میں مسلم یونائیٹڈکونسل پاکستان کا قیام ملک میں بسنے والے تمام سنی شیعہ مسلمانوں کے لئے انتہائی خوش آئنداورحوصلہ افزاں بات ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مسلم یونائیٹڈکونسل پاکستان کوملکی اوربین الاقوامی سطح پرشیعہ سنی کے مابین اتحادویگانت اورملکی ترقی کے لئے دن رات کوشش کرنی چاہیئے اور سنی شیعہ معتدل سوچ رکھنے والے تمام مسالک کے ماننے والوں کو اس پلیٹ فارم پررسول اکرم ؐ کے نام پر یکجا کرنا چاہیئے۔
آغا رضا رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان سنی شیعہ مسلمانوں کی مشترکہ کوششوں سے معرض وجودمیں آیاہے۔اورسنی شیعہ مسلمان ہی مل کر ملک کودہشت گردوں کے چنگل سے نجات دلاکرپاکستان کوبچاسکتے ہیں۔ اسلام کے دشمنوں کویہ بات کسی صورت برداشت نہیں ہورہی کہ پاکستان دنیابھرمیں اسلام کی طاقت کاسرچشمہ بن کر ابھرے۔اس لئے دشمن ،قوم، مذہب اور مسلک کے نام پر ہمیں آپس میں دست و گریباں کرکے مسلمانوں کو تقسیم درتقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔اُن کاکہناتھا کہ ہمیں ملک میں سنی شیعہ اتحاداورمذہبی رواداری کو فروغ دے کراندرونی اوربیرونی سازشوں کوناکام بناناہوگا۔ سنی شیعہ مسلمان اتحادواخوت کا مظاہرہ کرکے مسلمانوں کے مابین نفرتوں کے بیچ بونے والے شرپسندعناصرکی مذموم سازشوں کوناکام بناناہوگا۔اوربلاتفریق انسانیت، امن،تعلیم اور خواتین کی ترقی کے لئے کام کرکے دنیاکو اسلام کے امن و سلامتی اورترقی پسندچہرے سے روشناس کراناہوگا۔