طالبان سے مزاکرات انہیں وقت دینے کے مترادف اور رہائی شہداء کے خون سے غداری ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
شیعہ نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں طالبان کا قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ اور طالبان کی نقل و حرکت پر بات چیت کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت کے اس عمل کو بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ کیا حکومت ان طالبان کو آزاد کرے گی جنہوں نے بہت سے بے گناہوں اور افواج پاکستان کو شہید کیا، انکی لاشوں کو پامال کیا اور ان کی گردنیں بھی کاٹیں۔ انہوں نے کہا کہ ان درندوں کو آزاد کرنے کا مطلب مزید مظلوموں کا قتل ہے، طالبان کی رہائی شہداء کے خون سے غداری اور مذاق ہے۔ صوبائی صدر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کا طالبان کے ساتھ مذاکرات کے باوجود صحافی بھائی رضا رومی پر حملے جیسے واقعات ہو رہے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ تحفظ پاکستان ترمیم بل کے نام پر حکومت عوام کو پریشان کرنے کا نیا راستہ کھول رہی ہے جبکہ اصل دشمن جوملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کئے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا دراصل طالبان سے مذاکرات کرنا طالبان کو مضبوط ہونے کیلئے وقت دینے کے مترادف ہے۔