پاکستان میں طالبان کے ظالمانہ نظام کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں، علامہ شاہ عبدالحق قادری
شیعہ نیوز (کراچی) دارالعلوم مصلح الدین کے مہتمم اور ممتاز اہلسنت مذہبی اسکالر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ اپنے مسائل کا حل سیرتِ رسول (ص) میں تلاش کرنا ہوگا، نظام مصطفی (ص) کے عملی نفاذ میں ملک کی بقاء و استحکام مضمر ہے، یہاں طالبان کے ظالمانہ نظام کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزمِ رضا کے زیر اہتمام وائے ایم سی گراﺅنڈ نزد گورنر ہاﺅس میں منعقدہ فکرِ آخرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ شاہ عبدالحق قادری نے صوفیائے کرام کے مزارات پر دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت و بربریت کے ذریعے عوام کے دلوں سے صوفیائے کرام کی عقیدت و محبت کو ہرگز کم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، تو یہ کون لوگ ہیں جو خود ساختہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کا قتل کر رہے ہیں۔ اہلسنت اسکالر کا مزید کہنا تھا کہ پیغمبرِ اسلام (ص) کی حیات طیبہ اہل ایمان کیلئے ایک روشن مثال ہے، منظم منصوبہ بندی کے تحت اسلام کے خلاف نت نئے فتنے برپا کئے جا رہے ہیں مگر فرزندان اسلام عظمتِ مصطفی (ص) کے عَلم کو بلند رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کی تباہ حالی کی بنیادی وجہ تعلیماتِ قرآن سے دوری ہے، قرآن اور صاحبِ قرآن سے رشتہ جتنا مضبوط ہوگا دنیا و آخرت میں اتنی کامیابی ملے گی۔