پاکستانی شیعہ خبریں

پاکستان پر پڑوسی ممالک کا عدم اعتماد سعودی ریال اور امریکی ڈالر کا نتیجہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعہ نیوز (کراچی) مملکت خداداد پاکستان کی خارجہ پالیسی ناعاقبت اندیش، شدت پسند اور مخصوص ذہنیت کی حامل قوتوں کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ کابل، تہران، دہلی، بیجنگ سمیت خطے کے پڑوسی ممالک پاکستان پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، پاکستان پر پڑوسی ممالک کا عدم اعتماد سعودی ریالوں اور امریکی ڈالروں ک تحت ہونے والی کارستانیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مختار احمد امامی، علامہ مبشر حسن اور ناصر حسینی سمیت دیگر موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک افغانستان سمیت ایران، چین، بھارت اور دیگر ممالک پاکستان کی سعودی اور امریکی ایما پر بننے والی ناعاقبت اندیش خارجہ پالیسی سے نالاں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نادان حکمرانوں نے ریالوں اور ڈالروں کی بھرمار میں گم ہو کر مملکت خداداد پاکستان کو ناکامی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، امریکی جارحانہ پالیسی اور سعودی بادشاہت کے دفاع کی خاطر پاکستان کے نااہل حکمرانوں نے وطن میں بسنے والی محب وطن نسلوں کو گروی رکھ دیا ہے اور پاکستان کی شناخت کو دنیا بھر میں رسوا کیا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی سوچ پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے بجائے ہمارے ملک کے موجودہ حکمرانوں نے ایک ناکام ریاست بنا دیا ہے اور امریکی ڈالروں اور سعودی ریالوں کے عوض پاکستان کو مشرق وسطٰی کی جنگ اور آگ میں منفی کردار ادا کرنے کے لئے پیش پیش ہے، جس کی وجہ سے ملت پاکستان گذشتہ تین دہائیوں سے مشکلات اور مصائب کا شکار ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت پاکستان کو افغانستان کے عوام اور حکومت سے سبق حاصل کرنا چاہئیے کہ جنہوں نے طالبان دہشت گردوں کی دھمکیوں اور لالچ کے باوجود صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور بڑے پیمانے پر عوام نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے طالبان دہشت گرد قوتوں اور سعودی ایجنڈے کو افغانستان میں ناکام بنا دیا ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ اسلام کے نام پر پاکستان میں طالبان دہشت گرد معصوم انسانوں کو ذبح کر رہے ہیں اور سعودی ایما پر چلنے والی شریف برادران کی حکومت طالبان دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے غیور عوام حکمرانوں کی ناکام اور غلط خارجہ پالیسیوں کی گذشتہ تین دہائیوں سے نشاندہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان کی غلط خارجہ پالیسیوں کے باعث ہمارا اپنا وطن محفوظ نہیں ہے اور سعودی امداد سے پلنے والے طالبان دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بھرپور کوششوں میں مصروف عمل ہیں اور پاکستان کے عوام کو سفاکانہ دہشت گردانہ کاروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ افسوس ناک صورتحال یہ ہے کہ حکومت پاکستان عوام کی خواہشات اور امنگوں ک ترجمانی کرنے کی بجائے امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد کو ترجیح دے رہی ہے اور اپنے ہی ملک اور عوام کو آگ میں جھونکنے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران کی حکومت پاکستان کے غریب عوام کے مسائل کے حل کے بجائے دیگر ممالک کے ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ کرنے میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب عوام شدید ترین مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی بادشاہت کو بچانے کے لئے پاکستان میں فرقہ واریت کا نعرہ بلند کیا جا رہا ہے اور اب جبکہ پاکستان کی شیعہ اور سنی عوام مل جل کر باہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر وحدت کا نعرہ بلند کر رہی ہے، عین اسی وقت شیعہ سنی بھائی بھائی کا نعرہ بلند ہونے پر بھی ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد قوتوں کو تکلیف محسوس ہو رہی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان مسلم لیگ نواز اور شریف برادران کی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران سعودی حکومت سے ڈیڑھ ارب ڈالر لے کر ملک میں گھناونا کھیل نہ کھیلیں کیونکہ اس سے پاکستان کی جڑیں مزید کمزور ہوں گی، شریف برادران جان لیں کہ پاکستان کی محب وطن قوتیں متحد ہوچکی ہیں اور اب وہ حکمرانوں کو اپنے اقتدار بچانے اور تجوریاں بھرنے کے لئے وطن اور قوم کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button