خیبر پختونخوا حکومت کی ایماء پر علامہ وحید عباس کاظمی گزشتہ رات گرفتار
شیعہ نیوز (ہری پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی کو خیبر پختونخوا حکومت کے ایماء پر گزشتہ رات گرفتار کر لیا گیا۔ شیعہ نیوز کے رابطہ کرنے پر اے ایس پی عبدالواحد کا کہنا تھا کہ علامہ وحید عباس کاظمی کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ تھری ایم پی او کے تحت نظر بند رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ وحید عباس کاظمی نے حکومت کی اجازت کے بغیر ہری پورہزارہ میں جلوس نکالنے کی کوشش کی۔ پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظر بندی 90 دن تک جاری رہے گی۔ سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کے پی کے علامہ سبطین حسینی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے، مولانا وحید عباس کاظمی کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع ہری پور نے بعد از نماز جمعہ واقعہ کے خلاف ہری پور چوک میں دھرنا دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تو اس ملک میں محفوظ مگر عام شہری غیر محفوظ ہیں جنہیں اب پولیس گردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔