پاکستان میں مظلوم کی آواز بن کر ظلم کو مٹائیں گے، علامہ مقصود ڈومکی رہنماء ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے 15 اضلاع کا 70 رکنی وفد صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ظفر عباس شمسی اور مولانا عبدالحق جمالی کی قیادت میں مرکزی کنونشن اسلام آباد میں شرکت کیلئے روانہ ہوگیا۔ تنظیمی وفد کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے سیکریٹری جنرل اور ممتاز عالم دین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ "ناصران ولایت تنظیمی کنونشن” ملت کی عظمت و سربلندی اور شعور و بیداری کا مظہر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں مظلوم کی آواز بن کر ہر ظلم و ناانصافی کو مٹانا ہے، دہشتگردی کی آگ میں جھلستے ہوئے پاکستان میں امن و اخوت کی شمع روشن کرنے کیلئے عوام ایم ڈبلیو ایم کا ساتھ دیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے پی آئی اے اور صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ مشہد پرواز کی قیمت میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے عام شہری اور عام زائر کے خرید کی طاقت سے ہم آہنگ کیا جائے۔
عالم اسلام کے مایہ ناز فلاسفر اور ماہر اقتصادیات اور عراق کے عظیم انقلابی رہنما آیة اللہ شہید باقر الصدر کی برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عراق کی مقدس سرزمین میں ہر دور میں عظیم انسانوں نے پرورش پائی ہے۔ جن کی دین مقدس اسلام اور انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات ہیں۔ آیة اللہ شہید محمد باقر الصدر وہ نابغہ روزگار شخصیت ہیں، جنہوں نے عراق کی سرزمین پر اسلامی انقلاب کیلئے انتھک جدوجہد کی اور ایک ڈکٹیٹر کے ہاتھوں درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔ آپ نے فلسفہ اور اقتصاد کے موضوع پر "فلسفتنا” اور "اقتصادنا” جیسی کتب تحریر فرمائیں۔ جو موضوع اور طرز تحریر کے اعتبار سے بےمثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی مقدس سرزمین پر امریکہ کا غاصبانہ قبضہ ناقابل قبول ہے۔ عراق کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام اور انکے منتخب نمائندوں کو کرنے دیا جائے۔ ہمیں عراق میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشت گردی کے سانحات پر افسوس ہے۔ یہ امریکی اور اسرائیلی ایجنٹوں کا کام ہے۔