سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی نے لاہور میں قیمتی پلاٹ اور پلازوں پر قبضے شروع کردیئے
شیعہ نیوز (لاہور) کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی نے لاہور میں انتہائی قیمتی کمرشل پلاٹ، پلازے اور متنازعہ جائیدادیں فریقین کو ڈرا دھمکا کر من مانی قیمت اور مختلف ہتھکنڈوں سے ہتھیانا شروع کردی ہیں، وہ اس سلسلے میں حمایتی تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے مقاصد پورے کررہے ہیں۔ حساس اداروں نے لاہور میں گزشتہ ایک سال کے دوران فروخت اور ٹرانسفر ہونے والی ایسی 77 قیمتی جائیدادوں کے حوالے سے خفیہ تحقیقات شروع کردی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لاہور میں کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کے کمرشل پلاٹ، پلازے اور جائیدادیں خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وہ زیادہ تر متنازعہ جائیدادیں ویلیو سے انتہائی کم پیسوں میں اونے پونے داموں خرید رہی ہیں۔ مالکان کو اپنے کارکنوں کے ذریعے ڈرا دھمکا کر اور مختلف ہتھکنڈوں سے مجبور کرکے قیمتی جائیدادیں من مانی قیمت پر ہتھیائی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل لکشمی چوک کے قریب ایک جائیداد آدھی سے بھی کم قیمت پر زبردستی خریدے جانے پر متاثرہ خواتین نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔