Uncategorized

وزیراعظم مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کرکے فوجی آپریشن کی اجازت دیں، ثروت اعجاز قادری

شیعہ نیوز (راولپنڈی) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ قوم کی والہانہ محبت نے ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، پوری قوم افواج پاکستان اور دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج اور آئی ایس آئی کو منصوبے کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے، ہندوستانی میڈیا پاکستان کی بجائے اپنے ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دے، گرمیوں کے آغاز میں ہی میں ہوشربا لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، مہنگائی اور دہشتگردی کی چکی میں پسی عوام کو بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے نفسیاتی مریض بنا دیا ہے، عوام کی تکالیف کا ازالہ صرف بیانات اور تقریروں سے نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے، سینئر صحافی حامد میر پر حملے کے اصل ملزمان کی تلاش کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال میں لائے جائیں اور جلد از جلد تحقیقات مکمل کر کے اصل حقائق قوم کے سامنے پیش کیے جائیں، آزادی صحافت کے نام پر پاک فوج کیخلاف الزام تراشی کی بجائے عدالتی کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔

راولپنڈی پریس کلب میں ورکرز تربیتی کنونشن سے مواصلاتی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات محض ڈھونگ ہیں، مولانا سمیع الحق طالبان کو جنگ کی تیاری کیلئے وقت دینے میں کامیاب رہے ہیں، قوم کو بیوقوف بنانے کیلئے حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیاں صرف کمیٹی کمیٹی ہی کھیل رہی ہیں جبکہ دہشتگرد بلاخوف و خطر پورے ملک میں خون کی ندیاں بہا رہے ہیں، قوم کو مزید بیوقوف بنانے کی بجائے وزیراعظم مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کرکے فوجی آپریشن کی اجازت دیں، فوج کے وقار کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، اداروں کے درمیان ٹکراؤ قومی مفاد میں نہیں، حکومت حکمت و تدبر سے مسئلہ حل کرے، وزیراعظم سول ملٹری تعلقات کے تناؤ کو ختم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button