مجلس وحدت مسلمین کے خلوص اور سچائی پر ہمیں شک نہیں کرنا چاہیے، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعہ نیوز (کراچی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین دونوں کی روش میں فرق ہے اور اسی کے ساتھ دونوں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ساجد نقوی اور اُن کے فالوورز کا جو انداز ہے یا طریقہ ہے اُس نے بھی ہمیں بہت فائدے پہچائے ہیں اور جو ہمارے دوستوں کی جماعت مجلس وحدت مسلمین ہے یہ بھی پاکستان میں شیعوں کے حقوق کی خاطر جدوجہد کر رہی ہے، ان کے طریقوں میں فرق ضرور ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ ان کے خلوص اور سچائی پر ہمیں شک نہیں کرنا چاہیے۔ مولانا شہنشاہ نقوی نے کہا کہ جہاں بھی کہیں اختلاف کی بات ہو رہی ہو، لڑانے کا کوئی پہلو اُس میں پایا جاتا ہو اُس سے درگرز کریں، اُس سے دُور رہیں بلکہ ایک دوسرے کو قریب کریں ایک دوسرے میں محبتیں تقسیم کریں۔