جمعہ کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے خلاف سنی تحریک کل احتجاج کرے گی، اعلامیہ
شیعہ نیوز (کراچی) سربراہ سُنّی تحریک محمد ثروت اعجازقادری کی ہدایت پرملک میں جاری بجلی اورگیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف جمعہ کو ملک گیریوم احتجاج کے طورپرمنایاجائے گا ۔اس سلسلے میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ، حیدرآباد، سکھر،ملتان، پشاورسمیت ملک کے اکثرچھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے،ریلیاں اورجلسے منعقدکیے جائیں گی جبکہ سُنی تحریک علماء بورڈکے اراکین جمعہ کے اجتماعات میں لوڈشیڈنگ کیخلاف مذمتی قراردادیں منظورکریں گے۔سُنی تحریک کے ترجمان کے مطابق غوث اعظمؒ روڈ(سابقہ چکری روڈ)پر راولپنڈی ایک بڑااحتجاجی مظاہرہ کیاجائے گاجس میں سُنی تحریک کے ضلعی قائدین ،ممتازعلماء ومشائخ اورمعروف سیاسی وسماجی رہنما خطاب فرمائیں گے۔درایں اثناء سُنّی تحریک علماء بورڈکے عہدیداروں شیخ الحدیث مفتی قاضی سعیدالرحمن قادری،مفتی محمدعارف چشتی،علامہ خالدمحمودضیاء،علامہ وثیق احمدچشتی،علامہ سرفرازاحمدچشتی،علامہ محمدہاشم مجددی،پروفیسرکامران اسلم چشتی،علامہ اشتیاق احمدہزاروی ودیگرنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ بدترین لوڈشیدنگ نے غربت ،مہنگائی اوردہشت گردی کے ستائے ہوئے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ حکومت محض طفل تسلیوں سے کام چلارہی ہے۔بجلی کی عدم دستیابی کے باعث قوم سکون سے عبادت تک کرنے سے محروم ہے۔قوم کے صبرکامزیدامتحان نہ لیاجائے ۔نمازوں کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کرکے حکمران قوم کی بددعائیں نہ سمیٹیں۔نمازجمعہ کے اجتماعات قرآن وسنّت کی تبلیغ کابڑاذریعہ ہیں۔جمعہ کے دواران لوڈشیڈنگ سے نمازیوں کو شدیدمشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ حکمران قوم کے حال پر رحم کھائیں اورتمام نمازوں بالخصوص نمازجمعہ کے اوقات کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردینے کااعلان کریں۔