شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں، آئی ایس او پشاور
شیعہ نیوز (پشاور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان شہدائے راہ حق سے تجدید عہد اور ان کے خانوادگان سے اظہار یکجہتی کے لئے ہر سال یکم تا 7 مئی ’’ہفتہ شہداء امامیہ‘‘ کے عنوان سے مناتی ہے۔ ملک بھر کے تمام ڈویژنز میں تقاریب، کانفرنسز، سیمینار سمیت دیگر پروگرامات منعقد کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح آئی ایس او پشاور ڈویژن کے زیراہتمام پشاور میں بھی ’’شہداء حیات امت‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ امام بارگاہ حاجی ملک رحمان میں منعقدہ اس کانفرنس میں امامیہ طلباء کے علاوہ، تنظیم کے سینئرز، علمائے کرام، خانوادگان شہداء، دیگر تنظیموں کے مسئولین اور عوام نے شرکت کی۔
تلاوت کلام پاک سے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوا، آئی ایس او پشاور ڈویژن کی جانب سے ڈویژنل جنرل سیکرٹری توحید علی نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کی عظمت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شہداء کے خانوداگان کی ضروریات، ان کے بچوں کی پرورش اور تعلیم کا خیال رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ قوم اور ملت کے عظیم جانبازوں کی قربانیوں کو تا ابد یاد کیا جائے گا۔ جیسے یہ خود حیات امت ہیں، اسی طرح ہمیں بھی ان کو اپنی حیات اور اپنی بقاء سمجھنا چاہیے۔ کانفرنس سے شہداء کے بچوں نے بھی خطاب کیا اور والدین کی شہادت کے بعد اپنے مسائل اور تکالیف کا ذکر کیا۔ جس سے شرکائے محفل کی آنکھیں اشک بار ہوگئیں۔
کانفرنس سے علامہ ارشاد حسین خلیلی نے بھی خطاب کیا اور شہداء کی عظمت پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ملت آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ و جاوید ہیں، ان کا راستہ ہمارا لئے مشعل راہ ہے، شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں۔ امامیہ اسکاوٹس نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اسکاؤٹ سلامی دی اور شہداء کی تصویری نمائش اور ڈاکومینٹری بھی پیش کی گئی۔ آخر میں شہداء کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے اور پاکستان کی استحکام کیلئے دُعا کی گئی۔