Uncategorized

دھاندلی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائے بغیر جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی،صاحبزادہ حامد رضا

شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل نے عوامی تحریک کی ریلیوں میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ سنی اتحاد کونسل 11 مئی کو ’’یومِ مذمتِ دھاندلی‘‘ منائے گی۔ سنی اتحاد کونسل کے کارکنان لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور کراچی سمیت ملک بھر میں پاکستان عوامی تحریک کی ریلیوں میں شریک ہوں گے۔ اس بات کا اعلان سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے بیٹے ڈاکٹر حسن محی الدین کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کا عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ریلیوں میں رکاوٹیں پیدا کرنا غیر جمہوری رویہ ہے۔ حکومت منفی ہتھکنڈوں سے باز رہے۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ قوم ایک سال میں ہی حکمرانوں سے بیزار ہوچکی ہے۔ ملک میں مڈٹرم انتخابات کے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ قرضوں کے سہارے ملک چلایا جا رہا ہے، جس کا خمیازہ آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔ قومی خزانے سے تشہیری مہم چلا کر حکومتی ناکامیوں پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ دھاندلی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائے بغیر جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی۔ دھاندلی کی پیداوار حکومت چلتی دکھائی نہیں دیتی۔ دہشت گردوں سے مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں۔ اب آپریشن ہی واحد آپشن رہ گیا ہے۔ فورسز پر حملوں کا جواب ناگزیر ہے۔ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تو قومی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔ مذاکرات مذاق بن چکے ہیں۔ فافن کی تازہ رپورٹ نے انتخابی دھاندلیوں کا پول کھول دیا ہے۔ افتخار چوہدری 11 مئی کی دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ ان کا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ریلیوں کو ناکام بنانے کے لیے ٹرانسپورٹرز پر دباؤ ڈالنا قابل مذمت ہے۔ حکومت پیمرا پر اثرانداز ہو کر دفاعی اداروں پر الزام تراشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی روکنے سے باز رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button