ڈی آئی خان، تکفیریوں کے حملے میں شیعہ نوجوان خرم عباس شہید
شیعہ نیوز (ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں تکفیری دہشت گردوں نے منظم حملہ کرکے ایک اور شیعہ نوجوان خرم عباس ولد عبدالستار کو شہید کر دیا۔ شہید خرم عباس فوکس گرائمر سکول میں سکیورٹی گارڈ تعینات تھا۔ ڈیوٹی کی انجام دہی کے لیے گھر سے روانہ ہوا تو سرکلر روڈ سے متصل نوبل ٹاؤن کی گلی میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے دو گروپوں کی صورت میں یکے بعد دیگرے حملہ کیا۔ دہشت گردوں کے پہلے گروپ نے دستی بم پھینکا، جس کی زد میں آکر خرم عباس زخمی ہوگیا، جبکہ پیچھے سے آنیوالے دوسرے دہشت گرد گروپ نے فائرنگ کردی۔ زخمی حالت میں شہید خرم عباس نے دوسرے گروپ پر جوابی فائرنگ کی۔ جس سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا۔ دہشت گرد زخمی ساتھی کے ہمراہ فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔ اٹھائیس سالہ شہید خرم عباس کے خانوادے میں ایک چھوٹا بھائی، بیوہ بہن، والدہ اور والد شامل ہیں۔ تھانہ کینٹ پولیس نے شہید کی والدہ کوثر بی بی کی درخواست پر سانحہ کا مقدمہ 302-5Exp-7ATA-PPC کے تحت درج کر دیا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ شام 6 بجے کوٹلی امام حسین (ع) میں ادا کی جائے گی اور تدفین بہشت حسین (ع) کوٹلی امام میں کیجائے گی۔ ڈیرہ شہر میں اس سانحہ کے باوجود تا حال ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی ناکہ بندی نہیں کی گئی ہے، حالانکہ زخمی حملہ آور کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری باآسانی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔