مٹھی بھر دہشتگرد (طالبان) عوام کو یرغمال نہیں بناسکتے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (کراچی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن ہی مستحکم جہوریت کی ضمانت ہے عدالتیں آج بھی پوری طرح آزاد نہیں ہیں، انصاف کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جائے، دہشتگرد ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں ان سے ان ہی کی زبان میں بات کی جائے، ملک کے تمام ادارے قابل احترام ہیں، پوری قوم پاک فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، جمہوریت کو ڈی ریل ہونے نہیں دیں گے، مضبوط و پائیدار جمہوریت کیلئے الیکشن کمیشن کو خودمختار بنایا جائے، ملک انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، کارکنان 18 مئی دفاع پاکستان پاک فوج زندہ باد ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم تیز کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیکٹر کنوینر و سینئر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کی سلامتی و ترقی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے، مٹھی بھر دہشتگرد عوام کو یرغمال نہیں بناسکتے پوری قوم دہشتگردی کے خلاف ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہے، قوم دہشتگردی کے خلاف ملکی سلامتی کے ادروں کے ساتھ ہے، قائد و بانی سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری کی سوچ و فلسفے پر چلتے ہوئے اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی و استحکام آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت میں ہی پوشیدہ ہے، تمام محب وطن قوتیں پاکستان کے خلاف ہر سازش کو مل کر ناکام بنادیں گی