حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لیے ہمارے شہیدوں کے خون کا سودا کر رہی ہے، مولانا عون نقوی
شیعہ نیوز (کراچی) مذہبی رہنماو شیعہ اسکالر مولانا عون محمد نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کے آثار نظر آرہے ہیں، ہر طرف بغاوت کی بو آرہی ہے ، اس جمہوریت کا کچھ پتا نہیں چل رہاہے کہ کیا کر رہی ہے، وہ صرف طالبان کے ساتھ مذاکرات میں مصروف عمل دکھائی دے رہی ہے، اگر طالبان کے ساتھ مذاکرات ہوئے تو وہ ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوں گے، ملک کے جوان شہید ہو رہے ہوں اور اس ملک کے وفاقی وزیر داخلہ مذاکرات کے حامی ہوں تو وہ ملک اپنے دشمنوں کا سامنا کیسے کرے گا، ہم نے پہلے ہی کہ دیاہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات بہتر نہیں ثابت ہوں گے، ان دہشت گردوں نے ہمارے پاک فوج کے سیکڑوں جوانوں کو شہید کیا ہے اور کراچی میں علمائےکرام و کارکنوں کو ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے ،اب حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لیے ہمارے شہیدوں کے خون کا سودا کر رہی ہے جس کی نہ ہم نےکبھی حمایت کی نہ اجازت دیں گے، وزیر اعظم نواز شریف ایران سیرو تفریح کے لیے نہیں ،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بحال کرنے کے لیے گئے تھے تاکہ یہ منصوبہ ختم نہ ہو، پیپلز پارٹی کے دور میں پاک ایران گیس پائپ لائن کی مخالفت کی جارہی تھی اور اب اس منصوبے کو بچایا جارہاہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حیثیت غبارے کی ہے جس سے کسی بھی وقت ہوا نکل سکتی ہے، ان کا جلسہ اتنا بڑا نہیں تھا جتنا وہ بول رہے ہیں، لوگوں کو تفریح چاہیے جو ان کو جلسے میں ملی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور کے محلہ لقمان میں مدرسےکے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے حالت دیکھ کر سندھ حکومت پر رحم آتا ہے کیوں کہ ہم سب کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، 24گھنٹوں کے دوران اگر کوئی سلامتی سے اپنے گھر پہنچتا ہے تو وہ خوش نصیب ہے،پیپلز پارٹی پہلے کہتی تھی کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو حالت ایسے ملے تھے لیکن اب تو ان کی حکومت کو 6سال سے زائد عرصہ ہوگیا ہے، پھر وہ کیوں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں کرسکی ،اگر سندھ بھر میں ایماندار اور بہادر افسروں کی بجائے من پسند افسران کو تعینات کیا جائے گا تو سندھ میں امن کیسے قائم ہوگا ۔