جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم کی کراچی میں آپریشن جاری رکھنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز (کراچی) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے وزیر اعظم نواز شریف اور اعلیٰ قیادت کو بتادیا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے آپریشن جاری رکھا جائے،گورنر سندھ کو تبدیل کرنے ،بجلی ،پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ، شہر میں دہشت گرد اور قاتل نامعلوم نہیں بلکہ معلوم ہیں انہیں گرفتار کیا جائے۔وہ گورنر ہائوس میں ملک کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں واضح کردیا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے ایک غیر جانب دار گورنر کی ضرورت ہے ،کراچی میں قیام امن کے لیے شفاف انتخابات ضروری ہیں، قبل ازیں اجلاس میں سیاسی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کی بات کی گئی تھی لیکن وہ کمیٹی تا حال نہیں بن سکی ، آج اجلاس میں وزیر اعظم نے کمیٹی بنانے کا وعدہ کیا ہے ۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں سوال کیا کہ عوام کو بتایا جائے کہ جن مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے ،ان میں سے کتنے مجرموں کو سزا دی گئی اور ان کی سیاسی وابستگیاں کیا ہیں۔جن مجرموں کو گرفتار کیا گیا، انہیں کیوں چھوڑ دیا گیا، ان کو سزائیں کیوں نہیں دی جاتیں۔