اپنے قائد محبوب علامہ ساجد نقوی کی ایک آواز پر لبیک کہنے کو ہمہ تن تیار ہیں، جے ایس او
شیعہ نیوز (کراچی) جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان صوبہ سندھ کے آرگنائزر امجد علی بھمبھرو نے آج مرکزی سینیئر نائب صدر عبداللہ رضا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور جے ایس او پاکستان کے مرکزی کنونشن کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر آرگنائزر جے ایس او پاکستان امجد علی بھمبھرو کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنے قائد محبوب علامہ سید ساجد علی نقوی کی ایک آواز پر لبیک کہنے کو ہمہ تن تیار ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ دنیا دیکھے گی 19 تاریخ کو جے ایس او پاکستان کے نوجوان ملتان کی طرف ایک سیلابی ریلے کی طرح امڈ رہے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے ایس او پاکستان کے مرکزی کنونشن کے لیے تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں اور تمام ڈویژنز سے رابطے ہو رہے ہیں۔ گذشتہ کنونشنوں کی طرح اس کنونشن کو بھی کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک عزیز میں بدامنی اور مہنگائی عروج پر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ترجیحات کو معین کرے اور درجہ بدرجہ مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دی جائے۔ حکومت کو آئے ہوئے ایک سال ہوگیا اور اس کی کارکردگی کچھ زیادہ بہتر نظر نہیں آرہی۔ افواج پاکستان ہمارے سر کا تاج ہیں اور ہم بیرونی ڈالر لے کر کسی بھی ادارے کو بھی افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔