سعودی عرب شامی باغیوں کی سرپرستی چھوڑ دے، جے یو پی نیازی
شیعہ نیوز (لاہور) جمعیت علما پاکستان نیازی پنجاب کی مجلس شوریٰ کا اجلاس جے یو پی نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت پیر عابد علی شاہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل پیر غلام رسول اویسی، صوبائی صدر پنجاب پیر عثمان نوری، صوبائی جنرل سیکرٹری پیر اختر رسول قادری، سردار جنم سنگھ اور دیگر اراکین مجلس شوریٰ شریک ہوئے۔ جس میں پیر عابد علی شاہ کو چیئرمین مجلس شوریٰ پنجاب اور محمد عرفان قادری کو سیکرٹری اطلاعات پنجاب مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جے یو پی نیازی میڈیا کی آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے مگر فحاشی و عریانی میں اضافے اور نشریات میں میڈیا سے جو غلطیاں سرزد ہوئی ہیں اس میں اصلاح احوال کے لئے ضروری ہے کہ علما سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ جیو نیوز کی طرف سے گستاخی اہل بیت پر اس کی نشریات بند کرنے اور اس کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے بند ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں جیو نیوز کی طرف سے پہلے فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف منفی پراپیگنڈہ اور اب گستاخانہ نشریات پر وزرارت اطلاعات اور پیمرا کی پراسرار خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کیا گیا کہ حکومت واضح کرے کہ وہ جیو نیوز کے ساتھ ہے یا عوام کے ساتھ۔ پیر معصوم نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں مختلف قراردادوں کی منظور ی دیتے ہوئے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار اور عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ جمہوریت کے اثرات عوام تک نہیں پہنچے ۔ جبکہ جمہوریت سے فائدہ صرف سرمایہ دار، جاگیر دار، سول اور ملٹری بیوروکریسی نے اٹھایا ہے۔ عوام پر صرف ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ مجلس شوریٰ نے آئندہ بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے سرکار ی اور نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
جے یو پی نے مئی 2013ء کے انتخابات کو دھاندلی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ممبران کی برطرفی اور نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا۔ نیز صاف شفاف انتخابات کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ البتہ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جمہوری نظام کی بساط لپیٹنے کی کسی بھی کوشش کی عوام پاکستان نہ صرف مذمت کریں گے بلکہ اس کی مزاحمت بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں اپوزیشن کی موثر آواز کے لئے نئے سیاسی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت کو محسوس کیا گیا۔ اجلاس میں جے یو پی نیازی کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد اہل سنت کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ جے یو پی نیازی پنجاب کے اجلاس نے شام میں مزارات مقدسہ کی بےحرمتی اور ان پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت پر شام میں جاری خانہ جنگی میں باغیوں کی سرپرستی چھوڑنے اور مصر کی جمہوری حکومت کی بحالی میں رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
مجلس شوریٰ نے ملک میں جاری دہشت گردی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہوئے اتحاد امت پر زور دیا جبکہ اجلاس میں طالبان سے مذاکرات کے تجربے کو ناکام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کر کے طالبان خارجیوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ اجلاس میں متنازع تحفظ پاکستان آرڈینس کو انسانی حقو ق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ جے یو پی پنجاب کی مجلس شوریٰ نے اسپین میں تاریخی قرطبہ کو چرچ میں تبدیل کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام کے خلاف مسیحی تعصب قرار دیا گیا اور مسجد کی اصل شکل میں بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔