پاکستانی شیعہ خبریں

کراچی میں ڈیڑھ ہزار افراد کی حفاظت پر صرف ایک پولیس اہلکار مامور ہے

شیعہ نیوز (کراچی) دنیا بھر میں کراچی میں آبادی کے تناسب سے سب سے کم پولیس اہلکار شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پر مامور ہیں۔ 450 افراد پر ایک سپاہی کے بجائے شہر قائد میں ڈیڑھ ہزار افراد کی حفاظت ایک اہلکار کرتا ہے، 2 کروڑ کی آبادی والے شہر میں صرف 26 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں جبکہ اس میں سے بھی ساڑھے آٹھ ہزار وی آئی پی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے ہیں اور 3 ہزار مختلف تحقیقاتی شعبوں میں تعینات ہیں جبکہ کراچی پولیس کو اس وقت 4 ہزار نفری کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ میڈیا کو حاصل دستاویزات کے مطابق دنیا بھر میں شہر قائد میں آبادی کے تناسب سے سب سے کم پولیس اہلکار شہریوں کی حفاظت کرتے ہیں، لندن کی تقریباً 74 لاکھ آبادی کیلئے 48 ہزار 500، دہلی کی تقریباً ڈیڑھ کروڑ آبادی کیلئے 57 ہزار 500، نیویارک کی تقریباً 82 لاکھ کی آبادی کیلئے 35 ہزار 500 کی نفری تعینات ہے۔ 

دوسری جانب کراچی میں 2 کروڑ سے زائد کی آبادی کے لئے صرف 26 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ پولیس رولز چیپٹر 2 کے تحت کم از کم 450 افراد پر ایک اہلکار ہونا چاہیے لیکن موجودہ آبادی اور پولیس نفری کے حساب سے یہ شرح ڈیڑھ ہزار افراد پر ایک کانسٹیبل کی بنتی ہے۔ دستاویزات کے مطابق کراچی پولیس کی منظور شدہ نفری 31 ہزار ہے لیکن 26 ہزار 847 کی نفری کام کر رہی ہے، 4 ہزار کی نفری کی کمی کا سامنا ہے۔ 26 ہزار 847 میں سے 8 ہزار 541 مختلف سیکیورٹی یونٹس میں تعینات ہیں جو کہ عموماً وی آئی پیز کی حفاظت پر ہی مامور ہوتے ہیں جبکہ 3 ہزار 102 تحقیقاتی شعبوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ 

ضلع شرقی میں 928، ضلع غربی میں 584، ضلع جنوبی میں 577 جبکہ ڈی آئی جی سی آئی اے کے ماتحت ایک ہزار 13 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ اس طرح شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلیے صرف 14 ہزار 433 افسران و اہلکار بچتے ہیں، اس میں سب سے زیادہ نفری ضلع شرقی میں 5 ہزار 380، ضلع غربی میں 4 ہزار 535 جبکہ ضلع جنوبی میں 4 ہزار 518 کی نفری تعینات ہے۔ مذکورہ 14 ہزار کی نفری بھی 12 گھنٹے کی 2 شفٹوں میں کام کرتی ہے، اس طرح ایک شفٹ میں صرف 7 ہزار افسران و اہلکار ہی دستیاب ہوتے ہیں۔ دوسری جانب کراچی پولیس کو 4 ہزار 217 افراد کی نفری کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ 3 ہزار 95 سپاہی، 993 ہیڈ کانسٹیبل، 285 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 398 سب انسپکٹر، 231 انسپکٹر اور 12 ڈی ایس پی کی اسامیاں شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button