مانسہرہ میں مسجد کی شہادت اسلام کے لبادہ میں یہودی ایجنٹوں کی کارروائی ہے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز (مانسہرہ) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ مانسہرہ میں مسجد کی شہادت اسلام کے لبادہ میں یہودی ایجنٹوں کی کارروائی ہے، جسے وحدت کے اسلحہ سے شکست دینا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں دھماکہ سے شہید ہونے والی مسجد کے دورہ کے دوران میڈیا اور علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی مسلک کی عبادت گاہ کی بےحرمتی کرنا اسلام میں جائز نہیں۔ ایک مخصوص گروہ اسلام کے لبادہ میں اسلام کو بدنام کر رہا ہے۔ یہ قبیح کام کسی مسلمان کا نہیں ہو سکتا۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے متولی مسجد سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ بہت جلد اس مسجد کو پہلے سے بھی بہتر حالت میں تعمیر کرائیں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ جلد از جلد مسجد کو دوبارہ تعمیر کرایا جائے اور دہشت گردوں پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے۔ اس مسئلہ کو اگر سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو پورے پاکستان میں احتجاج ہو گا۔ انہوں نے ہزارہ ڈویژن کے سنی شیعہ علماء سے اپیل کی کہ اتحاد و وحدت پر زیادہ سے زیادہ کام کریں تاکہ ایک قوت بن کر پاکستان کو دنیائے عالم میں اسلام کا مضبوط قلعہ متعارف کرائیں اور اسلام دشمن طاقتوں کی سازش کو ناکام و نامراد بنائیں۔