شفاف انتخابی نظام کے قیام تک ہم ترقی نہیں کرسکتے ، عمران خان
شیعہ نیوز (لاہور) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ 11 مئی کے انتخابات میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، عمران خان نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں شفاف انتخابات کا نظام رائج نہیں ہو گا ہم ترقی یافتہ قوم نہیں بن سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات نہ ہوئے تو نوجوانوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں میچ کھیلنے بھارت جاتا تھا تو ایسا لگتا تھا کہ میں ایک امیر ملک سے غریب ملک میں آگیا ہوں اب پوزیشن یہ کہ بھارت ترقی کر رہا ہے جبکہ پاکستان پیچھے رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسانوں کو سہولیات دی جارہی ہیں ہمارے ملک میں کسانوں کو ذلیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ مسلم لیگ ن نے گذشتہ ایک سال میں قوم کو کیا دیا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں بجلی کی قیمت کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودشیڈنگ کا حال بھی سب کے سامنے ہے۔ عوام کوشکر گذار ہونا چاہئے کہ تحریک انصاف کے جلسے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کم ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ جس نے دھاندلی کے پنکچر لگائے اسے نوازنے کیلئے پی سی بی کا چئیر مین بنا دیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ کیا دھاندلی کرنیوالوں کو کٹہرے میں نہیں لایا جانا چاہیے انہوں نے سوال کیا کہ کیا دھاندلی کرنے والوں کا احتساب نہیں ہونا چاہئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگ دیکھ لیں پنجاب پولیس اور خیبر پختونخوا کی پولیس کے روئیے میں کتنا فرق ہے۔ان کاکہنا تھا کہ کچھ حلقوں میں تو دھاندلی کی حد یہ کی گئی کہ ووٹوں کے چھ تھیلے ہونے چاہئے تھے جبکہ وہاں سے ۷ تھیلے نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ جس جس نے دھاندلی کے ان جرائم میں ساتھ دیا انکو کٹہرے میں لائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔