پاکستان کی خود مختاری اور تشخص پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،آئی ایس او
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان نے امامیہ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کے حامی ہیں پر کسی صورت پاکستان کی خود مختاری اور تشخص پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بداعتمادی اور نفرت کو ختم کرنے سے ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت کے نو منتخب وزیراعظم مودی کے اس بیان کہ پاکستان اپنی سرزمین اور زیرتسلط علاقے انڈیا کے خلاف استعمال نہ کرنے کا پابند ہو گا۔ زیرتسلط علاقوں سے اگر ان کی مراد کشمیر ہے تو یہ بات واضح ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ حیات ہے جس پر کسی کو کوئی حق نہیں کہ کوئی دوسری رائے قائم کرے
انہوں نے کہا کہ کشمیر مسلمانوں کی سرزمین ہے اور مسلمانوں کی ہی رہے گی۔ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوا کرتیں پاک بھارت حکومتوں کو چاہیئے کہ خوش اسلوبی سے اختلافات کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاک بھارت تعلقات بہتری کی طرف جاتے ہیں تو بلوچستان کشمیر و دیگر مقامات پر ہونے والی دہشت گردی انتہا پسندی اور ظلم و بربریت میں کمی واقع ہو گی۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام امن اور آشتی کے خواہش مند ہیں ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا جس سے خطے کی اقتصادی اور امن و امان کے معاملات بہتر ہوں گے۔