شیعہ نسل کشی کے خلاف نکالی جانے والی ریلی دھرنے میں تبدیل،مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز (کراچی) کراچی میں شیعہ نسل کشی، بد امنی اور قیام امن کے لئے نکالی جانے والی ریلی شاہین کمپلیکس کے سامنے دھرنے میں تبدیل ہوگئی ہے، کراچی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت المسلمین کی کل یکم جون کو شیعہ نسل کشی کے خلاف لبیک یاحسین (ع) مارچ نمائش تا وزیر اعلی ہاوس کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم وزیراعلی ہاوس کی جانب جانے والے رستوں کی بندش کے باعث شرکاءریلی نے شاہین کمپلیکس کے سامنے دھرنا دے دیا ہے، دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرئڑی جنرل علامہ امین شہیدی ، مرکزی ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ اعجاز بہشتی اور علامہ احمد اقبال رضوی کر رہے ہیں، جبکہ دھرنے میں مولانا عقیل موسی ، مولانا منورنقوی ، مولانا علی افضال سمیت دیگر علماءو ذاکرین موجو دہیں،دھرنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے علامہ محمد امین شہید ی کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کیئے جاتے یہ دھرنا جاری رہے گا
علامہ امین شہید ی نے مطالبات عوام کو بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی کے اند ر شیعہ مسلمانوں کے تحفظ کی یقین دہائی کروائی جائے، کراچی میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والے ملا ، مدارس اور سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے، ایسے مدار س جو شدت پسندی کو فروغ دے رہے ہیں انہیں بند کیا جائے، شہداءکے لواحقین کو معقول معاوضہ دینے کا اعلان کیا جائے تاکہ انکی زندگی آسان ہوسکے، زخمیوں کو سرکاری مفت علاج مہیا کیا جائے، شہر میں کالعدم جماعتوں کی نقل و حرکت پر پابندی کے ساتھ انکے جھنڈے جو شہر بھر میںلہرا رہے ہیں انہیں ہٹایا جائے۔