پاکستانی شیعہ خبریں

فرقہ وارانہ بنیاد پر ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے، لیاقت بلوچ

شیعہ نیوز (پشاور) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کسی گروہ کی بلیک میلنگ میں آئے بغیر کراچی میں امن قائم کریں، ملی یکجہتی کونسل غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے، ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے نام پر علماء، ذاکرین اور اکابرین، ڈاکٹرز اور انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کی صوبائی تنظیم نو مکمل کر دی گئی ہے۔ پاکستان اس وقت بہت سے بحرانوں اور خطرات سے دوچار ہے، جہاں پاکستان کی آزادی اور سلامتی کو خطرات درپیش ہیں وہیں پاکستان کے نظرئیے اور اسکے اسلامی کردار کی بنیاد پر آزادی حاصل کرنے والی ریاست کی بنیاد کو بھی کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ موجودہ حالات میں پاکستان کے روشن مستقبل کے امکانات موجود ہیں لیکن پاکستان دشمن قوتیں یہ ہدف بنائے ہوئے ہیں کہ پاکستان کو غیر مستحکم اور ناکام ریاست کے طور پر دنیا میں پیش کریں اور پاکستانی قوم کو ایک غیر ذمہ دار قوم ثابت کیا جائے اور اس کی بنیاد پر خطے میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو ختم کر کے بھارت کی بالادستی تسلیم کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ و داخلہ پالیسیوں میں خرابیاں ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان مشکلات سے دوچار ہے۔ حکومت کو خارجہ و داخلہ پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے، جس کا ملک کی عام سیاست سے کوئی واسطہ نہیں۔ ہم دینی مشترکات پر اکھٹے ہیں اور ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں کا ایک مشترکہ و متفقہ مقصد ہے، جس کی بنیاد درد مشترک و قدر مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں کا یہ متفقہ اور مشترکہ عزم ہے کہ ہم انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان کے نظرئیے کو اور اسکی اسلامی بنیاد اور تہذیب، خواتین اور نئی نسل کی ہر قیمت پر حفاظت کرینگے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان کے آئین، علماء کے 22 نکات اور ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جانا چاہیے اور حکومت تعصب اور جانبداری اور کسی گروہ کی سرپرستی کی بجائے بلا امتیاز قانون کا نفاذ عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی کے عوام کے ساتھ ہمدردی ہے، جہاں مسلسل ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے اور آج پورا کراچی بدامنی کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے اور کراچی میں بدامنی پوری معیشت کے لئے خطرناک ہے۔ انہوں نے وزیرا عظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی دباﺅ اور کسی گروہ کی بلیگ میلنگ میں آئے بغیر کراچی میں امن کے قیام کے لئے کام کریں، انہوں نے ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے نام پر علماء، ذاکرین اور اکابرین، ڈاکٹرز اور انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ان واقعات کی مذمت کرتی ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے قاتلوں کو پکڑے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل انتخابی اختلاف سے بالاتر ہو کر اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button