آپریشن ضرب عضب تمام غیرملکی دہشتگردوں کے خلاف ہے،گورنر خبیر پختونخوا
شیعہ نیوز (پشاور) خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کا مرکزی ہدف غیر ملکی شدت پسند ہیں جن کا پیچھا اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک ان کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سردار مہتاب نے کہا کہ غیر ملکی شدت پسندوں نے پچھلی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے قبائلی علاقوں میں اپنا راج قائم کیا ہوا تھا اور یہاں سے وہ پاکستان کے اندر کارروائیوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر ملکی دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے باعث بیشتر قبائلی علاقے اور ان کے عوام یرغمال بنے ہوئے تھے اور اس دوران یہ امکان بھی موجود رہا کہ پاکستانی سرزمین کو بیرونی ممالک کے خلاف استعمال کیا جائے۔ گورنر نے واضح کیا کہ آپریشن ضربِ عضب صرف ازبک جنگجوؤں کے خلاف نہیں کیا جا رہا بلکہ تمام غیر ملکی عسکریت پسند اس کے نشانے پر ہیں، جن میں تاجک، چیچن اور چینی شدت پسند خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔