پشاور میں نجی ٹی وی کے بیوروچیف کے گھر کے باہر دھماکہ
شیعہ نیوز (پشاور) پشاور میں نجی ٹی وی کے بیورو چیف کے گھر کے باہر دھماکہ ہوا تاہم وہ اور انکے اہل خانہ محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم ملزمان پشاور میں نجی ٹی وی بیوروچیف کے گھر کے باہر بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے مرکزی دروازہ مکمل طور پر تباہ جبکہ گیرج میں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم دھماکے میں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث کھڑکیوں کے تمام شیشے ٹوٹ گئے جبکہ بیٹھک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شرپسندوں نے بم دودھ کے ڈبے میں ڈال کر گھر کے باہر رکھا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بم دیسی ساختہ تھا جس میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ غازی آباد میں گورنمنٹ پرائمری سکول میں دھماکہ ہوا جس سے سکول کے باتھ روم اور چار دیواری کو نقصان پہنچا۔ پہاڑی پورہ پخہ غلام میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے (ق) لیگ کے صوبائی رہنماءکے گھرپردستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے گاڑی سے دو دستی بموں سمیت پانچ کلو بارودی مواد پکڑ لیا، چار دہشتگرد بھی گرفتار کر لئے گئے۔ پکڑے جانے والوں میں عنایت، ساجد، عثمان اور شاہ حسین شامل ہیں۔ چاروں افراد کا تعلق باڑہ قمبر خیل ایجنسی سے ہے۔ پشاور پولیس نے 4 رکنی شرپسند اور اغوا کار گروہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔