ہمارے دل بھی غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لئے دھڑکتے ہیں، پی ایل ایف پاکستان
شیعہ نیوز (کراچی) فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ملک کے تمام بڑے شہروں( بشمول اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، نصیرآباد، ٹنڈواللہ یار، ڈیرہ مراد جمالی، حب، مری، اوستہ محمد )سمیت دیگر شہروں میں بیک وقت پریس کانفرنسز کی گئیں، پریس کانفرنسزسے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فائونڈیشن کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس سال ماہ رمضان میں عالم اسلام اور عالم انسانیت کے اتحاد کی علامت القدس کے لئے پہلے سے زیادہ سرگرم ہیں۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اسی گریٹر اسرائیل کی سازش کا نتیجہ ہے کہ دہشت گردوں نے اسرائیل کا کام آسان کردیا ہے۔ پہلے اسے جنگیں لڑنا پرتی تھیں اور اب اسے اپنے ناجائز وجود کو بچانے کے لئے کچھ نہیں کرنا پڑتا کیونکہ اب اس کے عرب پڑوس میں ایسے دہشت گرد موجود ہیں جو اس کی جانب سے اس کے دشمن ملکوں سے لڑرہے ہیں۔ اس طرح ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل نے مسئلہ فلسطین اور القدس کو دنیا کے منظر نامے سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی ہے۔لیکن فلسطین اور خاص طور پر القدس کے چاہنے والے پوری دنیا میں اس اہم ایشو پر یکسوئی سے متوجہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔اس نازک اور سازشانہ ماحول میں فلسطین اورا لقدس پر صہیونی تسلط کے خلاف ہماری ذمے داریاں اور بڑھ جاتی ہیں۔ خاص طور پر یکم جولائی کو غزہ پر جو حملہ ہوا ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمارے دل غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لئے دھڑکتے ہیں۔ انشاء اللہ یہ محصور و مجبور فلسطینی بھی جلد سکھ کا سانس لیں گے۔
آج عالم اسلام کو پہلے سے زیادہ صیہونی سازشوں کا سامنا ہے، غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا وجود سنہ1948ء میں برطانوی سامراج کی سرپرستی اور امریکی آشیرباد کے ساتھ قیام عمل میں لایا گیا تھا اور آج 66برس بیت جانے کے باوجود بھی فلسطین لہو لہو ہے، مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس غاصب صیہونی شکنجے میں ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری امریکی کاسہ لیسی اور اسرائیلی کٹھ پتلی کا کردار ادا کرنا بند کرے اور مغرب کو بھی چاہئیے کہ غاصب صیہونی اسرائیل کی سرپرستی ترک کر دے کیونکہ وہ وقت اب دور نہیں جب اسرائیل دنیا سے صفحہ ہستی سے نابود ہو جائے گا۔ رہنمائو ں نے کہا کہ ہم نے بھی عہد کررکھا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک قدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد ،ہماری یہ تحریک جاری رہے گی۔ فلسطین فائونڈیشن کے تحت زخمی زخمی قدس پکارا، اب تو مسلم جاگ خدارا ، کے عنوان کے تحت ملک بھر میں مختلف نوعیت کے پروگرامات ترتیب دئیے جارہے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو مسئلہ فلسطین کے بارے میں آگاہ رکھنا جبکہ فلسطین کاز کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھنا ہے۔