جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کی حمایت سے باز آجائیں، انجمن طلباء اسلام
شیعہ نیوز (لاہور) انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اکرم رضوی نے کہا ہے ملک بھر میں پھیلے ہوئے دہشت گردوں کے ہمدردوں اور سرپرستوں کو قابو نہ کیا گیا تو آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی عارضی ثابت ہو گی۔ جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کی وکالت سے باز آجائیں۔ جنرل ضیاء کے جانشیں جمہوریت کے چیمپئن نہیں بن سکتے۔ شہری علاقوں میں بھی طالبان کے ٹھکانے ختم کرنا ہوں گے۔ غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے نیٹ ورک اور کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے وزیرستان کا چالیس فیصد علاقہ کلیئر کروا لینا پاک فوج کی بڑی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفائی جسٹس فورم کے چیرمین میاں اشرف عاصمی ایڈووکیٹ کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اکرم رضوی نے کہا عالمی سازش کے تحت عراق اور شام میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جا رہی ہے۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر کمزور کیا جا رہا ہے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کا خاتمہ نہ کیا گیا تو پاکستان میں بھی عراق اور شام جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتوں کے مقابلہ کے لیے اتحادِ اُمّت ضروری ہے۔