شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے مفید آپریشن شروع کیا ہے، جماعة الدعوة
شیعہ نیوز (کراچی) جماعة الدعوة پاکستان کے ذیلی ادارے فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک آرمی نے اپنی حکمت عملی کے تحت محدود سطح پر مفید آپریشن شروع کیا ہے، قیام امن کیلئے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، پاکستان اس وقت نازک صورت حال سے گزر رہا ہے، حکمرانوں کو پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہوگا، پاکستان مزید غلطیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں درس قرآن کی محفلوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود بھی موجود تھے۔ درس قرآن کی محافل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔
حافظ عبدالرﺅف نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز رفاہی سرگرمیوں کی آڑ میں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، ملک و ملت کے لئے نقصان دہ عناصر کا راستہ روکنے کے لئے ملک کی محب وطن جماعتوں کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے سخت آزمائش میں مبتلا ہیں، رمضان کے اس بابرکت مہینے میں ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے ہر شخص آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے۔ حافظ عبدالرﺅف کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن متاثرین کی بحالی کے لئے فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گی۔