کراچی ایئرپورٹ حملہ، دہشتگردوں کے ساتھی کا خاکہ جاری
شیعہ نیوز (کراچی) جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے اہم ساتھی کا خاکہ جاری کرتے ہوئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے پرانے ٹرمینل پر دہشت گرد حملے کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد تفتیشی حکام نے واقعے کے مختلف عینی شاہدین کی مدد سے دہشت گردوں کے ایک اہم ساتھی کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد نے ایئر پورٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو موبائل سمیں فراہم کی تھیں۔ ایس ایس پی ایسٹ زون ٹو ڈاکٹر سید عباس رضوی نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ خاکہ دہشت گردوں کے اہم ساتھی کا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد کے بارے میں اطلاع یا کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے والے افراد کو معقول انعام دیا جائے گا جبکہ ان کے نام بھی صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔
ایس ایس پی ایسٹ زون ٹو ڈاکٹر سید عباس رضوی نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد کے بارے میں کوئی بھی معلومات فون نمبر (99248987) پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، لاش عدم شناخت پر ایدھی سرد خانے میں رکھی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر سید عباس رضوی نے مزید بتایا کہ تفتیشی پولیس نے ڈی این اے ٹیسٹ کے رپورٹ سے متعلق گزشتہ روز بھی متعلقہ حکام کا خط ارسال کیا ہے اور ڈی این اے رپورٹ آنے اور شناخت کے عمل کے بعد مذکورہ لاش ورثا کے حوالے کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ٹرمینل پر دہشت گرد حملے کی تفتیش جاری ہے اور دوران تفتیش پولیس کو اہم شواہد بھی ملے ہیں تاہم اس وقت کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔