دنیا بھر میں جاری دہشتگردی کے پیچھے اسرائیل ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے 13 جولائی کو منعقد ہونے والی اتحاد بین المسلمین و آزادی بیت المقدس و فلسطین کانفرنس کے سلسلے میں جمعیت اتحاد العلماء کے ڈاکٹر عطا الرحمان، جماعت الدعوۃ بلوچستان کے صوبائی امیر حافظ محمد قاسم، بی این پی کے رہنماء غلام نبی مری، جمعیت اہل حدیث کے صوبائی رہنماء نجیب اللہ عابد، پاکستان سنی تحریک کے رہنماء علی بلوچ اور ڈاکٹر فیض ہاشمی کو دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی حالیہ وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس میں 28 معصوم فلسطینی مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے رات بھر بمباری کرکے درجنوں گھر تباہ کر دئیے، البریج پناہ گزین کیمپ بھی اسرائیلی ظلم سے محفوظ نہ رہ سکا۔
علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جاری دہشت گردی کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے، انتہا پسند گروہ، موساد کے ایجنڈے پر چلتے ہوئے معصوم انسانوں کا خون ناحق بہانے کی بجائے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اعلان جہاد کریں۔ رہنماء ایم ڈبلیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ اسلام کا مقدس نام لے کر مسجدوں میں بم دھماکے کرنے والے آخر قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی بات کیوں نہیں کرتے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آج عالم انسانیت کو صیہونزم سے خطرہ ہے، اسی لئے منصف مزاج یہودی بھی اسرائیل کی صیہونی اور ظالم حکومت کے خلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء، سیاسی و مذہبی رہنماء عالمی یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں۔