علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر ایم ڈبلیو ایم اور شیعہ علماء کونسل کا مشترکہ مظاہرہ
شیعہ نیوز (کراچی) کراچی کے علاقے کھارادار میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر عزہ اور عراق میں جاری اسرائیل اور تکفیری دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سب سے اہم بات یہ تھی یہ مظاہرہ شیعہ علماء کونسل اور ایم ڈبلیو ایم نے مشترکہ آرگنائز کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں مولانا علی انور جعفری، علامہ منور نقوی ،علامہ مبشر حسن ، سمیت کراچی کے سیکرٹری جنرل حسن ہاشمی شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر تقوی، علامہ جعفرسبحانی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ گذشتہ پانچ روز میں غاصب اسرائیل نے غزہ پر سیکڑوں کی تعداد میں بم گرائے ہیں جس کے نتیجے میں ایک سو سے زائد معصوم فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں،جس میں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین ہیں
رہنماؤں نے غزہ پر جاری صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت گزر گیا ہے اور دنیا کو غاصب اسرائیل کی لفاظی مذمت سے آگے نکل کر عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ بیانات کافی نہیں بلکہ عملی اقداما ت کئے جائیں اور پاکستان اسلامی دنیا سمیت اقوام عالم میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرے، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مغربی اور بالخصوص اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں اور حکومت پاکستان ملک میں موجود اسرائیلی اقتصادی کمپنیوں کے لائسنس معطل کر کے ان کمپنیوں پر پابندی عائد کرے، انہوں نے تمام مسلمان ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ غاصب اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کا بائیکاٹ کریں اور مغرب کی مصنوعات استعمال کرنے سے گریز کریں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ،ا سرائیل نا منظور سمیت غزہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، فلسطین و القدس کی آزادی تک جد وجہد جاری رکھیں گے سمیت دہشت گردی مردہ باد کے نعرے لگائے اور مظاہرے کے اختتام پر امریکی اور صیہونی اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا گیا۔