عرب حکمران مصلحتیں چھوڑ کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں گولی سستی اور آٹا مہنگا ہے۔ عید کے بعد ’’سٹیٹس کو مسٹ گو‘‘ تحریک چلے گی۔ انقلاب کی آرزو ہر پاکستانی کے دل میں مچل رہی ہے۔ حکمرانوں نے جمہوریت کو ہر غلطی پر پردہ ڈالنے کا بہانہ بنا لیا ہے۔ بالادست طبقے سے نجات کے لیے انقلاب ضروری ہے۔ عرب حکمران مصلحتیں چھوڑ کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔ اسرائیل کا جنگی جنون انسانیت کے لیے بدترین خطرہ بن چکا ہے۔ عراق میں مقاماتِ مقدسہ کی بے حرمتی روکنے کے لیے مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں پیر سیّد شمس الدین بخاری، علامہ پروفیسر عبدالعزیز نیازی، مولانا شیر محمد نقشبندی، مولانا قاری فیروز صدیقی اور مولانا قاری نذیر احمد قادری شامل تھے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عوام کو سماجی انصاف فراہم نہ کرنے والی حکومت کو جمہوری نہیں کہا جاسکتا۔ اس وقت پاکستان پر سول ڈکٹیٹر شپ مسلط ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ذلت اور اذیت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ بدترین لوڈشیڈنگ کی اذیت سہتے روزہ داروں کی بددعائیں حکمرانوں کو لے ڈوبیں گی۔ ڈنڈہ بردار اسلام کے علمبردار جنونی حقیقی اسلام سے آگاہ نہیں۔ جو جماعت دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ نہیں، عوام اس کے ساتھ نہیں ہیں۔ امریکہ نے ایشیا کے مسلم اکثریتی علاقوں کے نقشے بدلنے کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔ اُمّتِ مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم حکمران اُمّتِ مسلمہ کو متحد نہیں ہونے دیتے۔ اسرائیل غزہ پر موت برسا رہا ہے اور اس کا ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں۔ موجودہ حالات میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہوچکا ہے۔ مسلمان دنیا بھر میں ناانصافیوں اور ظلم کا شکار ہیں۔ عالمی سطح پر ’’متحدہ مسلم بلاک‘‘ کی تشکیل ضروری ہوچکی ہے۔ او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے اور اقوام متحدہ مسلمانوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، اس لیے مسلمان ممالک اسلامی اقوام متحدہ کا اعلان کریں۔