صیہونی دہشت گردوں کی کاروائیوں سے ہرگز دڑنے والے نہیں۔ علی رضوی صدر آئی ایس او کراچی
شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر سید علی رضوی نے کہا ہے کہ صیہونی اسرائیلی دہشت گردوں کی کارروائیوں سے ہرگز ڈرنے والے نہیں ہیں، شہادت ہمارا ورثہ ہے جسے ہم نے کربلا سے حاصل کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس او کراچی کی ذیلی نظارت اور کابینہ کے اہم ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید علی رضوی نے کہا کہ اسرائیلی ایماء پر کراچی میں امامیہ طلباء کو نشانہ بنا کر شہید کیا جا رہا ہے، مگر ہم اسرائیل اور اسکے مقامی نمک خوار مقامی ایجنٹوں پر واضح کر دیں کہ ان دشمنان اسلام کو ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے کیونکہ ہم شہادتوں سے ہرگز ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہادتوں سے ڈر کر ہم غزہ اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت ہرگز ترک نہیں کریں گے۔ سید علی رضوی کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے کارکنان سابقین امامیہ کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو یوم علی علیہ السلام اور یوم القدس کے جلوسوں کو احتجاجی جلسے میں تبدیل کر دیا جائے گا اور حکومت اور ریاستی ادارے ہمارے کارکنان کے قتل عام کو اگر نہیں روک سکے تو پھر آنے والے دنوں میں وہ خود سنگین نتائج کے ذمہ دار ہونگے۔