علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر یوم القدس منایا گیا،ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل کے سینیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر وفاقی دارالحکومت، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور ٹاؤنز میں یوم القدس کی ریلیاں، مظاہرے، سیمینارز اور مذاکروں کا انعقاد کیا گیا، اسرائیل نے ماہ مقدس کا بھی پاس نہ رکھا اور ظلم کی انتہاء کر دی، فلسطینیوں کی آئینی، جمہوری اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں بھی امن و امان کیصورتحال ابتر، اتحاد کی طاقت سے ملک کو تمام بحرانوں سے پاک کیا جاسکتا ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ہر سال کی طرح امسال بھی جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی میلوڈی تا آبپارہ چوک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کی۔ اس موقع پر نائب صدر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل ثاقب اکبر، سربراہ تحریک اسلام پاکستان مولانا حیدر علوی، شیعہ علماء کونسل اسلام آباد کے صدر ملک تنویر حیدر، راولپنڈی کے صدر مولانا غلام قاسم جعفری، مولانا فرحت عباس جوادی، سید محمد علی واسطی، مولانا نذر عباس شیرازی، مولانا سید عقیل کاظمی، تطہیر عالم رضوی، سکندر عباس گیلانی، زاہد اخونزادہ اور سید محمود نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔