یوم شہداء پر فوجی جوانوں کو بھی یاد رکھا جائے گا، طاہر القادری
شیعہ نیوز (لاہور) پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ یوم شہداء پر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہلاک ہونے والے کارکنوں کے ساتھ ساتھ اُن سپاہیوں کو بھی یاد رکھا جائے گا، جنھوں نے شمالی وزیرستان آپریشن میں اپنی جانیں قربان کیں۔
بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ‘ دس اگست صرف ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا دن نہیں ہے بلکہ اُس سے زیادہ یہ پاک فوج کے ان شہداء کا دن ہے جو ضرب عضب میں شہید ہوئے’۔اس موقع پر اُن کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور مجلسِ وحدت مسلمین کے رہنما بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ ‘اگر ہمیں اس بات کی ضمانت دی جا ئے کہ یومِ شہداء منانے کے لیے آنے والےافراد پر حکومت کی جانب سے حملہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انھیں ڈرایا جائے گا تو ہم یقین دلاتے ہیں کہ یہ دن اتنا ہی پر امن ہوگا جتنی جنوری2013 کی ریلی تھی۔ طاہر القاری نے یوم شہداء پر اپنے کارکنوں اور حامیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ‘قرآن پاک اور قانون نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو اپنی حفاظت کی غرض سے ہر ممکن اقدام کرنے کی اجازت دی ہے’۔