Uncategorized

انقلاب میں شریک تمام جماعتیں اپنا حوصلہ بلند رکھیں،علامہ طاہر القادری

شیعہ نیوز (لاہور) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں کارکنوں کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن جاری ہے، یوم شہداء یوم انقلاب میں بدل سکتا ہے۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن کے اردگرد پولیس کی نفری تعینات کئے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرامن یوم شہداء کو یوم انقلاب میں بدلنا چاہتی ہے۔ ان کی جانب سے امن کی ضمانت دی گئی تھی، مگر پنجاب حکومت نے قانون کو توڑا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب میں شریک تمام جماعتیں اپنا حوصلہ بلند رکھیں۔ انہوں نے تمام اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں جاری رہیں تو ملک بند کردیں گے۔
ادھر لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ اور منہاج القرآن سیکریٹریٹ کو گھیرے میں لے لیا۔ لاہور میں رات گئے پولیس کی بھاری نفری فیصل ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستوں پر پہنچ گئی اور بیریئر لگا کر وہاں جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے۔ راستے سیل کیے جانے کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ایک بار پھر جمع ہوگئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔ ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں عوامی تحریک کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہاڑی میں 30 سے زائد جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 8 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button