پاکستانی شیعہ خبریں

حساس اداروں کی کاروائی، علامہ طالب جوہری کے داماد کے قاتل گرفتار

شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد میں پولیس اور حساس ادارے نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے علامہ طالب جوہری کے داماد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر، کالعدم تنظیم کے 3 کارکنوں اور چور خواتین سمیت 109 ملزمان کو گرفتارکرلیا، ویسٹ زون پولیس نے 2 مختلف کارروائی میں 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ زون کیپٹن (ر) طاہر نوید نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ ویسٹ زون پولیس کے ہاتھوں چند روز قبل گرفتار کئے جانے والے ملزم محمد عامر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق کالعدم دہشتگرد تنظیم سے ہے اور اس کا گروہ 6 افراد پر مشتمل ہے، گرفتار ملزم محمد عامر رکشا ڈرائیور ہے، اس کے گروہ نے 40 سے زائد افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا ہے، ملزم نے حالیہ دنوں میں علامہ طالب جوہری کے داماد کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون کیپٹن (ر) طاہر نوید نے چند روز قبل تیموریہ پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزم فرخ کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم فرخ اجرتی قاتل ہے جس نے گزشتہ سال کے بی آر سوسائٹی میں پاک بحریہ کے ریٹائرڈ ملازم کو قتل کرنے کے بعد اس کا سر تن سے جدا کر کے سہراب گوٹھ پل سے متصل ایک درخت پر لٹکا دیا تھا۔ دوسری جانب ضلع ملیر پولیس نے ارشاد محسود سمیت 3ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ کھوکھراپار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں چوری کرنے والی 2 خواتین بشریٰ اور ارم کو گرفتار کر کے ایک گھر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرلی، ایس ایچ او عبدالوحید صدیقی نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کو کچھ روز قبل کوثر ٹاؤن کے رہائشی فرحان نے ملازمت پر رکھا تھا، ملزمہ نے موقع دیکھ کر الماری سے کیش رقم لے کر فرار ہوگئی تھی، کراچی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 87ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button