انتخابات کیلئے تیار ہیں، مشرف اگست کے آخر میں ملک سے باہر چلے جائینگے، پیپلز پارٹی
شیعہ نیوز (کراچی) سندھ کے وزیر برائے جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگست کے آخر میں سابق صدر پرویز مشرف ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے، انہوں نے یہاں تک کہہ ڈالا کہ 31 اگست تک ملک میں کچھ ہونے والا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں منطور وسان کا کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ خطرے کی گھنٹی ہے، سابق صدر مشرف رواں ماہ کے آخر میں ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 31 اگست تک ملک میں کچھ ہونے والا ہے، اگست میں کچھ قیدی نئے آئیں گے تو کچھ جائیں گے، جیل انتظامیہ نئے قیدیوں کیلئے بندوبست کرلے۔ عام انتخابات سے متعلق وسان کا کہنا تھا کہ ہم عام انتخابات کیلئے تیار ہیں، مڈٹرم الیکشن ہوں تو اس میں بھی حصہ لیں گے۔ وزارت سے متعلق منظور وسان نے بتایا کہ جیلوں میں 82 ٹارگٹ کلرز موجود ہیں، جبکہ 445 قیدی سزائے موت کے انتظار میں ہیں، خطرناک قیدیوں کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد اور سکھر جیلوں کو خطرہ ہے۔