انقلاب مارچ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بے مثال کردار شیعہ قوم کی آواز ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بے مثال کردار شیعہ قوم کی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ بدمعاشوں کے ٹولے کے سہارے چلنے والی نوازحکومت اب اخلاقی جواز بھی کھو چکی ہے، اب صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پاکستان کے ہر شہر کی عوام کو گلو بٹوں کو قابو کرنے کے لئے نکلنا پڑے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ کے ہر فیصلے کا پابند ہوں، ایم ڈبلیو ایم نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی وحدت کی آرزو کو عملی جامہ پہنا یا ہے، انقلاب مارچ میں شیعہ سنی وحدت نے پاکستان میں موجود فرقہ واریت کو ہوا دینے والے گروہوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، انشاء اللہ قومی وحدت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے ملت جعفریہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مجلس وحدت مسلمین پر جو اعتماد کیا ہے انشاء اللہ ہم قوم کی امیدوں کو پورا کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک وحدت کا پرچم لے کر میدان میں حاضر رہیں گے۔انقلاب مارچ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بے مثال کردار شیعہ قوم کی آواز ہے، علامہ حسن ظفر نقوی