ہم نے ایجنسیوں کے کھیل میں کبھی اپنا کندھا استعمال نہیں ہونے دیا: شیعہ علماء کونسل
شیعہ نیوز (کراچی) شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے زیراہتمام علامہ سید محمد دہلوی مرحوم، مفتی جعفر حسین مرحوم، شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسنی، شہید علامہ حسن ترابی اور شہید علامہ آغا ضیاءالدین رضوی کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی اجتماع کا انعقاد بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں کیا گیا، جس میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اجتماع سے شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ باقر نجفی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ ناظر عباس تقوی، صدر ایس یو سی کراچی علامہ جعفر سبحانی سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے مقررین نے کہا کہ امام و رہبر و قائد کی ذمہ داری لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا نہیں ہوتی بلکہ نظریہ کی حفاظت ہوتی ہے، قیادت عوامی خواہشات پر پالیسی مرتب نہیں کرتی بلکہ قومی و ملی مفاد کے مطابق پالیسی کو ترتیب دیتی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل ہونے والے جیو ٹی وی کے معاملے کو دیکھ لیں، جیو ٹی وی نے معافی مانگی تو قیادت نے کہا بس اب خاموش ہو جاؤ، مگر کچھ چمپئین سپریم کورٹ جانے کی باتیں کرتے رہے مگر لوگوں نے دیکھا کہ وقت گذرتے ہی سازش عیاں ہوگئی کہ دشمن توہین اہلبیت کے نتیجے میں ناموس صحابہ پر قانون سازی کروانا چاہتا تھا۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عوام جذبات میں آگئی مگر قائد دور اندیش ہوتا ہے، سب کو روک دیا کیونکہ کچھ لوگوں کو بہت شوق ہے اپنا کندھا دینے کا، مگر ہم ایجنسیوں کے کھیل میں اپنا کندھا کبھی استعمال نہیں ہونے دیتے۔