لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تمام نامزد ملزمان کیخلاف ایف آئی ار درج کیجائے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اب شہباز شریف، نواز شریف اور سانحہ ماڈل ٹاون کے دیگر ذمہ داران کے خلاف عدالت کے فیصلے کے مطابق ایف آئی ار درج کی جائے۔ اس ملک میں کمزور اور طاقتور کیلئے علیحدہ قانون ہے جبکہ مظلوموں اور کمزوروں کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے با ضمیر جج نے عدل و انصاف کے حق میں فیصلہ دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں گذشتہ پندرہ سالوں میں ہم نے سینکڑوں شھیدوں کے جنازے اٹھائے مگر ہمیں کسی ادارے سے انصاف نہیں ملا۔ مظلوم شہری اور وارثین شہداء کو انصاف دینے والا کوئی نہیں۔ ریاستی ادارے دہشت گردوں کے آگے بےبس اور لاچار نظر آتے ہیں۔ اعلٰی عدالتیں بھی قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکانے میں ناکام رہیں۔ سیکڑوں شہداء کے ورثاء کا اعتماد نظام عدل و انصاف سے اٹھ چکا، ہم مظلوم ہیں اس لئے مظلوم کے درد کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور انقلاب مارچ مظلوموں کی آواز بن چکا ہے۔ جمہوریت کے چیمپیئن اپنے قول اور فعل کے تضاد کو ختم کرتے ہوئے غریبوں، مسکینوں کے حال پر رحم کھائیں۔ جنہوں نے دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹا اور بادشاہوں کی طرح محلات میں رہتے ہیں۔ انہیں غریبوں اور مسکینوں سے کیا ہمدردی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کا گورنر ہاؤس شاہانہ زندگی گزارنے کی اعلٰی مثال اور بلوچستان کے مظلوموں اور غریبوں کا مزاق اڑانے کے مترادف ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ اس نظام کو بدلہ جائے اور دور غلامی کے تمام آثار مٹائے جائیں۔