فریقین مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کریں، سرکاری عمارتوں پر حملے تشویشناک ہیں، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پنجاب) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، فریقین کو چاہیے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں، قوم کی یکجہتی اور ریاست کی علامت سرکاری عمارتوں پر ہونیوالے حملے قابل افسوس اور تشویش کا باعث ہیں، پارلیمنٹ ہی واحد فورم ہے جہاں مسائل حل کئے جاسکتے ہیں، آئین و قانون پر عملدرآمد کیا جائے تو مسائل حل ہوجائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو موجودہ صورتحال پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، اب جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو ملکر اس عمل کو آگے بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ جو مطالبات آئین و قانون کے دائرے میں ہیں حکومت کو چاہیے ان پر فی الفور عملدرآمد کروائے جبکہ دوسرا فریق بھی اپنے موقف میں لچک کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس، پی ٹی وی اور دیگر عمارتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی یکجہتی اور ریاست کی علامت سرکاری عمارتوں پر ہونیوالے حملے نہ صرف قابل افسوس ہیں بلکہ دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی کا موجب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور مزید کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لئے ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں اگر آئین و قانون پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کرایا جائے تو مسائل حل ہوجائینگے۔