Uncategorized

سیاسی و جمہوری قوتیں صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ بارشوں کے دوران درجنوں افراد کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داران دکھی ہم وطنوں کی مدد کیلئے آگے آئیں جبکہ مخیر حضرات بھی دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں، ملکی صورتحال میں صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جائے، ملک کسی نئے بحران اور انتشار کا شکار نہیں ہو سکتا۔ جمعہ کے روز دو روز سے جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ فی الفور ہنگامی اقدامات اٹھائے، ایسے اقدامات بھی کئے جائیں جن سے مستقل طور پر سیلابی صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے اور انسانی جانوں کا ضیاع ہونے سے بچا جا سکے۔

علامہ ساجد نقوی نے اس موقع پر تمام امدادی تنظیموں، انسانی حقوق کے نمائندوں اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں اور اپنے دکھی ہم وطنوں کی امداد کریں، تاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں ان کی داد رسی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے بھی دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ حالیہ ملکی سیاسی صورتحال پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو چاہیئے کہ وہ صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، اشتعال انگیز بیانات سے حالات مزید گھمبیر اور خراب ہونگے اور اب پاکستان ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں وہ کسی نئے بحران یا انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایسے حالات میں تمام ذمہ داران کو چاہیئے کہ وہ اتحاد و صبر کا مظاہرہ کریں اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جائے اور بےجا بیان بازی سے گریز کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button