Uncategorized

امن و امان کیساتھ سیاسی صورتحال بھی گھمبیر ہو رہی ہے، علامہ عارف واحدی

شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک امن و امان کی صورتحال کے ساتھ سیاسی صورتحال بھی انتہائی گھمبیر ہوتی جارہی ہے، مسائل کاحل صرف آئین و قانون کی بالادستی اور عملدرآمد میں ہے، عوام متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، آئی ڈی پیز بھی مشکلات کا شکار ہیں، مضبوط جمہوریت ہی مضبوط معیشت کی ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل معظم علی بلوچ، مرکزی سیکرٹری فنانس علامہ مشتاق حسین ہمدانی و دیگر وفود سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے مرکزی دفتر میں سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ حالیہ تباہ کن سیلاب کی صورتحال زیر بحث آئی ہے اور اب تک تنظیم کی جانب سے کی جانیوالی کاوشوں بارے سیکرٹری جنرل کو وفود نے آگاہ کیا جس پر علامہ عارف واحدی نے تنظیمی عہدیداروں کی کوششوں کی تعریف کر تے ہوئے امدادی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کا اس وقت واحد سہارا امداد ہے اس لئے اس سلسلے میں مخیر حضرات، تنظیمی عہدیدار و کارکنان ہمہ وقت ان کی مدد کیلئے تیار رہیں اس مشکل گھڑی سے اتحاد کے ساتھ ہی نکلا جاسکتاہے انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہاکہ ریلیف کے معاملے پر بلا تفریق کام جاری رکھا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک میں امن وامان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ سیاسی صورتحال بھی انتہائی گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔ مسائل مذاکرات سے حل ہوسکتے ہیں اس لئے فریقین کو چاہیے کہ ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے مذاکراتی عمل متاثر ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر آئین و قانون کی بالادستی صحیح معنوں میں قائم ہوتی اور آئین پر عملدرآمد ہورہا ہوتا تو آج یہ صورتحال درپیش نہ آتی اب بھی وقت ہے کہ پہلی فرصت میں دستور پاکستان پر عملدرآمد کرایا جائے۔ علامہ عارف واحدی نے کہاکہ ارض وطن میں مضبوط جمہوریت سے استحکام آسکتاہے اور مضبوط جمہوریت ہی مضبوط معیشت کی ضامن ہے۔ انہوں نے متاثرین آپریشن بارے بھی اظہار خیال کیا اور کہاکہ آئی ڈی پیز کی مشکلات بھی کم نہیں ہیں عوام کو ان متاثرین کی جانب بھی توجہ دینی چاہیے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button