دہشتگرد فرار کا راستہ تلاش کر رہے ہیں، آخر تک پیچھا کیا جائیگا، جنرل عاصم باجوہ
شییعہ نیوز (راولپنڈی) ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دتہ خیل اور دیگر علاقوں میں چھپے دہشتگرد پہنچ سے باہر نہیں ہیں، شدت پسندوں کا آخر تک پیچھا کیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شمالی وزیرِستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر کارروائیاں جاری ہے، تازہ کارروائی میں آرمی ایوی ایشن، فضائیہ کی جانب سے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں شدت پسندوں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل اور دیگر علاقوں میں چھپے دہشت گرد پہنچ سے باہر نہیں، شدت پسندوں کا آخرتک پیچھا کیا جائے گا، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضربِ عضب میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، دہشتگرد فرار کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن گیارہ جون کو کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے پندرہ جون کو آپریشن ”ضربِ عضب” کے نام سے شروع کیا تھا۔ آپریشن ضربِ عضب میں اب تک سینکڑوں شدت پسند ہلاک کئے جاچکے ہیں اور شمالی وزیرستان کے کئی علاقے دہشت گردوں سے پاک کرا لئے گئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے اسلحہ ڈپو اور کئی ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا جا چکا ہے۔