کراچی میں شیعہ سیفٹی کے زیراہتمام سکیورٹی اویرنس ورکشاپ کا انعقاد
شیعہ نیوز (کراچی) شیعہ سیفٹی کے سیکرٹری جنرل سیرت عباس نے کہا ہے کہ شیعہ سیفٹی ایک ایسا سیکورٹی نظام متعارف کروانا چاہتی ہے جس کی مدد سے ملک و ملت کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سکیورٹی اویرنس ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں درجنوں اسکاؤٹس نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی علامہ فرقان حیدر عابدی تھے۔ انہوں نے شیعہ سیفٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایسی ورکشاپس کا منعقد ہونا قابل ستائش عمل ہے۔ جو ملت کیلئے بہترین ثمرات کا باعث ثابت ہوگا۔ ورکشاپ میں پیام ولایت اسکاؤٹس، پاک حیدری اسکاؤٹس اور ابو تراب اسکاؤٹس نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیعہ سیفٹی کے سیکرٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ سیفٹی ایک ایسا سکیورٹی نظام متعارف کروانا چاہتی ہے، جس کی مدد سے ملک و ملت کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے سکیورٹی آلات کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی کیمرے کی مدد سے سازشی عناصر پر نظر رکھی جا سکتی ہے اور اسکے دوررس ثمرات مرتب ہونگے۔ ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد ایام عزا میں اسکاؤٹس تنظیموں کی جانب سے جامعہ تلاشی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ آئندہ دو روز تک کراچی کے دیگر امامبارگاہوں میں ایسی ورکشاپس منعقد ہونگی۔ جس میں کراچی کے باقی اسکاؤٹس شرکت کریں گے۔ ملت تشیع میں بیداری وقت کا تقاضہ ہے، سکیورٹی کے نظام میں بہتری کیلئے عوام اور پولیس میں موجود کمیونیکیشن خلاء کو پر ہونا چاہئے۔