Uncategorized

امریکہ عرب ممالک کے خرچ پر اسرائیل کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، پیر فضل حق

شیعہ نیوز (لاہور) جمعیت مشائخ پاکستان کے قائد پیر فضل حق نے مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنی انسانیت دشمن پالیسیوں سے باز آ جائے تو دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ جمعیت مشائخ کی سپریم کونسل کے اجلاس سے خطاب میں پیر فضل حق نے کہا کہ امریکہ اپنی عالمی چودھراہٹ کے لئے انسانیت کے ساتھ جو مجرمانہ خونی کھیل کھیل رہا ہے۔ اس کی پہلے کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ افغانستان اور شام میں مداخلت سے اسے سوائے رسوائی کے کچھ حاصل نہیں ہوا اور اب اوباما دہشت گرد تنظیم داعش کے نام پر عرب ممالک کے خرچ پر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو مضبوط کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی دو بڑی طاقتوں ایران اور شام کو داعش کے خلاف اتحاد سے باہر رکھنے سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ عرب ممالک سے اسرائیل کے تحفظ کے لئے حمایت چاہتا ہے، جو ان دو ممالک کی موجودگی میں ممکن نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پہلے القاعدہ اور طالبان کی طرح داعش کو خود ایک سازش کے تحت تیار کیا اور اب اس کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں عرب ممالک کو ڈرا کر اس کے خلاف اتحاد کروا دیا تاکہ عرب ممالک کے وسائل کو ہڑپ کر سکے۔

قائد جمعیت مشائخ نے کہا کہ ایران پر نظر رکھنے اور اسرائیل کے مفادات کے تحفظ کے لئے امریکہ عراق اور شام میں داعش کی سرکوبی کی بنیاد پر تسلط جمانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی پالیسیاں تضادات اور منافقت سے بھرپور ہیں جبکہ عرب ممالک اس کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسند دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، مگر امریکہ اس تنظیم کے خلاف کارروائی کی آڑ میں جو واردات کرنا چاہتا ہے اس کے علاقے پر بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پیر فضل حق نے کہا کہ امریکی سازشوں کے مقابلے کے لئے مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ مسلمانوں کی علاقائی اور مسلکی بنیادوں پر تقسیم سے اسلام دشمن قوتوں نے فائدہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلم ممالک کی طاقت کو توڑنا چاہتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button